قصور(عکس آن لائن) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو لہسن کی فصل کو مختلف بیماریوں خاص کر جھلساؤ کی بیماری سے بچانے کے لئے فوری طورپر تین سے چار مرتبہ گوڈی اورجڑی بوٹیوں کی فوری تلفی کی ہدایت کی ہے ۔
ترجمان محکمہ زراعت نے بتایا کہ پتوں کے جھلساؤ کی بیماری کے لہسن کی فصل پر حملہ آورہونے سے پتے اوپر سے سوکھنے لگتے ہیں جبکہ جوں جوں حملہ شدت اختیار کرتاہے، تمام پتے خشک ہوکر چڑمڑہوجاتے ہیں اور اس طرح لہسن کی گٹھیوں کا سائزچھوٹا رہ جاتاہے اور فصل کو شدید نقصان کا سامناکرنا پڑتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بیماری کی علامت اگرچہ کورے کے نقصان سے ملتی جلتی ہے لیکن اس بیماری کے جراثیم زیادہ نقصان دہ ہوتے ہیں ۔