لاہور(عکس آن لائن) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ شائستہ لودھی نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں لوگ لڑکیوں کو رنگت گوری نہ ہونے یا وزن زیادہ ہونے پر ٹارچر کرتے ہیں۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اداکارہ شائستہ لودھی نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر حیرت ہوتی ہے کہ گھریلو خواتین آکر اپنی اپر لپ اور چہرے کے بالوں کو ختم کرنے کا کہتی ہیں اور بتاتی ہیں کہ ان کے شوہر انہیں داڑھی یا مونچھیں آنے کا طعنہ مارتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان لڑکیاں باقاعدہ تصاویر لے کر آتی ہیں اور کہتی ہیں کہ ہمارے شوہر چاہتے ہیں کہ ہم فلاں اداکارہ کی طرح دکھائی دیں۔
شائستہ لودھی کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ ایک شخص اپنی بیوی کے ہمراہ آیا اور کہا کہ میری بیوی کو اپنے جیسا کر دیں، اس کا رنگ دبا ہوا ہے، گوری ہو جائے۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ایک خاتون نے بچے کی پیدائش کے بعد سٹریچ مارکس کا علاج کروانے کی ڈیمانڈ کی کیونکہ اس کے شوہر نے اسے گھر بھیج دیا اور کہا کہ سٹریچ مارکس ختم کر کے آنا۔