لوبیا

لوبیا کی بہاریہ کاشت 28فروری تک مکمل کی جا سکتی ہے، ریسرچ انفارمیشن یونٹ

فیصل آباد۔ ( عکس آن لائن)ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آبادنے کاشتکاروں کو لوبیا کی بہاریہ کاشت وسط فروری سے شروع کرنے کا مشورہ دیتے کہا ہے کہ یہ کاشت 15فروری سے شروع کر کے 28فروری تک مکمل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ لوبیا بطور دال، چارہ استعمال ہوتاہے جبکہ لوبیا کی نئی اقسام بطور سبزی بھی کاشت کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ لوبیا کی فصل ہر قسم کی زمین پر کاشت کی جاسکتی ہے لیکن اس کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے ذرخیز میرا زمین جس میں پانی کے نکاس کا خاطر خواہ انتظام ہواچھی رہتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار زمین کو تیار کرنے کیلئے وتر کی حالت میں دویا تین بار ہل چلا کر ہموار کرلیں اور اس کے بعد آبپاشی کرکے رانی کردیں اورزمین کوزرخیز بنانے کیلئے مناسب وتر کی حالت میں فی ایکڑ ایک بوری ڈی اے پی کھاد ڈال کر دوبارہ ہل چلائیں اور اس کے بعد سہاگہ دے دیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار سہاگہ کے بعد تر وتر میں ڈرل کے ذریعے لوبیا کی کاشت کریں اور قطاروں کا فاصلہ 50،50 سینٹی میٹر رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ لوبیا کی بہاریہ فصل کیلئے شرح بیج موٹے بیج والی اقسام کیلئے 14سے15 کلوگرام فی ایکڑ اور چھوٹے بیج والی اقسام کا10سے12 کلوگرام فی ایکڑ ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ محکمہ زراعت کے ماہرین کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے زیادہ پیداوار حاصل کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں