لندن(عکس آن لائن) برطانوی دارالحکومت لندن کے میئر صادق خان نے کہا ہے کہ شہر میں موجود ایسی سڑکوں کے ناموں کو تبدیل اور ایسے مجسموں کو ہٹایا جائیگا جو غلاموں کا کاروبار کرنے والوں سے منسلک ہیں۔
برطانوی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے صادق خان نے بتایا کہ انہوں نے ایک کمیشن تشکیل دیا ہے جو دارالحکومت کا جائزہ لے گا تاکہ شہر میں تنوع کو یقینی بنایا جا سکے،لندن دنیا کے سب سے متنوع شہروں میں سے ایک ہے لیکن حال ہی میں نسل پرستی کے خلاف ہونے والے مظاہروں سے یہ بات سامنے آئی کہ شہر میں سڑکوں کے نام اور تختیاں اور مجسمے وکٹوریا عہد کی جھلک پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک تکلیف دہ حقیقت ہے کہ ہمارے ملک اور شہر کی دولت کے ذمہ دار غلاموں کی تجارت کرنے والے کردار ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ وہ چرچل جیسے مجسموں کو اس جائزے میں شامل نہیں کر رہے کیونکہ بچوں کو مشہور شخصیات کے بارے میں آگاہ کرنے کی ضرورت ہے یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کوئی بھی انسان فرشتہ نہیں ہو سکتا چاہے وہ چرچل ہوں، یا میلکم ایکس۔واضح رہے کہ صادق خان کا یہ بیان برسٹل کے علاقے میں نسل پرستی کی مخالفت کرنے والے مظاہرین کی جانب سے غلاموں کے تاجر ایڈورڈ کولسٹن کے مجسمے کو گِرانے کے واقعے کے بعد سامنے آیا ہے۔