مصطفی آباد/للیانی(نمائندہ عکس آن لائن)اخوت فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام مجلس رومی وآوازِ اقبال پروگرام کا اہتمام، سینیٹر ولید اقبال کی خصوصی شرکت، اخوت یونیورسٹی کا دورہ بھی کیا ، سنگراستاد غلام حسین لالی نے کلام اقبال پیش کیا، سرپرست اعلی اخوت فاﺅنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب ، میجرریٹائرڈ اعجاز مصطفی زیدی،سید تیمور گیلانی ودیگر نے شرکت کی،
تفصیلات کے مطابق اخوت فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام مجلس رومی وآوازِ اقبال پروگرام کا اہتمام اخوت یونیورسٹی میں کیا گیا، جس میں سینیٹر ولید اقبال ، میجرریٹائرڈ اعجاز مصطفی زیدی ، سنگراستاد غلام حسین لالی ، سنیئر صحافی شیخ اعجاز ،پرنسپل اخوت ملک شیر افگن شہزاد، کرنل مونم نیاز، آصف علی پاشا سمیت معززین علاقہ، طلبہ اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، سرپرست اعلی اخوت فاﺅنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب،سید تیمور گیلانی ودیگر انتظامیہ نے آنے والے مہمانوں کو اخوت یونیورسٹی کا دورہ کروایا اور یونیورسٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ اخوت ادارہ علامہ اقبال کے خودی کے فلسفے کا ایک پیکر ہے،
اخوت کا قرضہ لینے والے بعد میں دینے والے بنتے ہیں، علامہ اقبال نے با مقصد زندگی گزارنے اور اور دوسروں کی گدا گری کرنے سے منع کرنے پر زور دیا، اورخودی کو بلند کرنے کی فکر دی، علامہ اقبال نے کہا تھا کہ خدا کے عاشق تو ہیں ہزاروں جہاں میں پھرتے ہیں مارے مارے، میں اس کا بندہ بنوں گا جس کو خدا کے بندوں سے پیار ہو گا، ڈاکٹر امجد ثاقب اس شعر پر عمل کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں، جو قابل تحسین ہے، میں ڈاکٹر امجد ثاقب کو انسانیت کی خدمت کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جس طرح اخوت دنیا کا سب سے بڑا قرضہ حسنہ کا پروگرام چلا رہا ہے، اس کا تعلیمی ادارہ مفت تعلیم فراہم کرنا اس دور میں انسانیت کی خدمت کا بہت بڑا کام ہے، ان کا یہ جذبہ انہیں عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رکھے گا،
علامہ اقبال اخوت کی ایک خاص قسم کی جہانگیری چاہتے تھے، اخوت کی جہانگیری سے محبت کی فراوانی بھی پیدا ہو گی، علامہ اقبال کے جملے اقبال ہمیشہ دیر سے آتا ہے کا مطلب تھا کہ کامیابی کےلئے جدوجہد کرنا پڑتی ہے، اس کےلئے وقت درکار ہوتا ہے، کامیابی حاصل کرنے کےلے دیر تو لگتی ہے ، سرپرست اعلی اخوت فاﺅنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اب تک 40لاکھ خاندانوں کو 130ارب کے قرضے دے چکے ہیں، جس سے ہمارا قرضہ حسنہ کا پروگرام دنیا کا سب سے بڑا قرضہ حسنہ کا پروگرام بن چکا ہے، یہ پروگرام ثابت کرنا ہے کہ پاکستانی صادق اور امین ہے،
ہمارا قرضہ حسنہ کے پروگرام میں 99.9فیصد واپسی ہے،ہمارے ادارے کا مقصد عوام کو با عزت روز گارفراہم کرنا اور عزت و احترام کے ساتھ جینے کا موقع فراہم کرنا ہے، ہم ایک خوبصورت معاشرہ تشکیل دینے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم اقبال کی فکر کو طلبہ کے دلوں میں اتارنے کی کوشش کر رہے ہیں، سنگراستاد غلام حسین لالی نے کلام اقبال پیش کیا۔