طرابلس(عکس آن لائن ) لبنانی فوج کی شمالی شہر طرابلس کو صوبہ عکہ سے ملوانے والی ایک مرکزی شاہراہ کو کھلوانے کی کوشش کے دوران میں فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق لبنانی فوج نے طرابلس شہر کے نزدیک شاہراہ کو کھلوانے کے لیے ہوائی فائرنگ کی ہے۔
مظاہرین وہاں احتجاج کررہے تھے اور انھوں نے اس مرکزی شاہراہ کو بند کررکھا تھا۔مزید بتایا گیا ہے کہ تشدد کے اس واقعے کے بعد طرابلس اور عکہ کے درمیان واقع علاقے بداوی میں ہفتے کی شب فوج کی مزید نفری بھیج دی گئی ہے۔لبنانی انجمن ہلال احمر نے ٹویٹر پر اطلاع دی ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں اور جائے وقوعہ پر گاڑیاں بھیج دی گئی ہیں۔
لبنانی فوج نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ فوجیوں نے جب لوگوں کے ہجوم کو منتشر کرنے کی کوشش کی تو ان پر سنگ باری شروع کردی۔فوجیوں کی جانب آتش گیر مواد بھی پھینکا گیا جس سے 5 فوجی زخمی ہوگئے۔اس پر فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس کا استعمال کیا اور وہاں مزید نفری بھیج دی گئی ہے۔دریں اثنا وزیراعظم سعد الحریری کی جماعت مستقبل تحریک نے پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال پر خبردار کیا ہے۔