لاہور(عکس آن لائن ) لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے امپورٹرز ، ایکسپورٹرز کو خام مال اور سپیئر پارٹس کی درآمد کے لیے فی انوائس دس ہزار ڈالر ایڈوانس ادائیگی کی اجازت دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ امجد علی جاوا کی سربراہی میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے اٹھائے جانے وا لے اس اہم قدم کے بہت اہم معاشی نتائج برآمد ہونگے، خام مال، سپیئر پارٹس کی درآمد میں آسانی ملنے سے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو تقویت ملے گی ، برآمد کنندگان عالمی منڈی میں بہتر مقابلہ کرنے کے قابل ہونگے اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ جولائی 2018ء میں معاشی مشکلات کی وجہ سے سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایڈوانس پیمنٹ کی سہولت واپس لے لی تھی جس سے مینوفیکچرنگ سیکٹر، امپورٹرز، ایکسپورٹرز سب کے لیے بہت مسائل پیدا ہوئے لیکن سٹیٹ بینک آف پاکستان کے حالیہ قدم کی بدولت صورتحال انتہائی تیزی سے مثبت موڑ لے گی۔ عرفان اقبال شیخ، علی حسام اصغر اور میاں زاہد جاوید احمد نے سٹیٹ بینک آف پاکستان پر زور دیا کہ وہ ایکسپورٹ فنانسنگ سکیم اور لانگ ٹرم فنانسنگ سکیم کے لیے حد میں بھی اضافہ کرے۔