فخر زمان

لاہور قلندر کی مینجمنٹ کھلاڑیوں کو بہت سپورٹ کرتی ہے ،فخر زمان

لاہور (عکس آن لائن) پاکستانی کرکٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ لاہور قلندر کی مینجمنٹ کھلاڑیوں کو بہت سپورٹ کرتی ہے ، کھلاڑی اگرفیل ہورہا ہو تو اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور موقع دیتے ہیں ،اگر میں کپتان ہوتا تو فخر زمان کو ون ڈاؤن یا ٹو ڈاؤن بھیجتا ، ٹیم کا مومنٹم اچھا بن چکا ہے، جو خامیاں تھیں دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،لاہور قلندرز جو میچز ہاری وہ یک طرفہ نہیں تھے،

اب تو لاہور قلندرز وننگ ٹریک پر آگئی ہے، سامنے آنے والی ٹیموں کو مزید ٹف ٹائم دیں گے۔ ایک انٹرویو میں فخر زمان نے کہاکہ لاہور قلندرز کی مینجمنٹ کھلاڑیوں کو بہت سپورٹ کرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ کھلاڑی ایک یونٹ بن چکے ہیں، کھلاڑی اگر فیل بھی ہو رہا ہو تو اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور موقع دیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں جس طرح پچھلے میچ میں آؤٹ ہو گیا تھا تو مجھے مینجمنٹ نے پھر اوپننگ کے لیے بھیج دیا، اگر میں کپتان ہوتا تو فخر زمان کو ون ڈاؤن یا ٹو ڈاؤن بھیجتا لیکن منجمنٹ اعتماد دیتی ہے اور سپورٹ کرتی ہے جس کا فائدہ ہو رہا ہے۔ فخر زمان نے پشاور زلمی کے خلاف گزشتہ رات کھیلے جانے والے میچ میں 63 رنز کی اننگز کھیلی، تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے کھیلی جانے والی اننگز صرف 46 گیندوں تک محدود تھی۔

اپنی اننگز کے بارے میں فخر زمان کا کہنا ہے کہ پلان یہی تھا کہ پہلے چھ اوورز میں وکٹ نہیں دینی بلکہ سیٹ ہونا ہے، میں نے وکٹ پر ٹھہرنے کی کوشش کی اور پھر رنز ہونا شروع ہو گئے۔انہوں نے کہاکہ کرس لین جب بیٹنگ کے لیے آئے تو انہوں نے بھی یہی کہا کہ میں بیٹنگ کا چارج سنبھالتا ہوں آپ جیسا کھیل رہے ہیں کھیلیں۔فخرزمان نے کہا کہ مجھے اب بھی نہیں لگ رہا کہ میں نے کھوئی ہوئی فارم واپس حاصل کر لی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جب بین ڈنک آؤٹ ہو کر پویلین واپس جا چکے تھے، کرس لین بھی نہیں تھے تو پھر بھی یقین تھا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم کامیابی حاصل کر لے گی، ڈیوڈ ویزے اور سمیت پٹیل پر اعتماد تھا، ڈیوڈ ویزے اس سے قبل بھی لاہور قلندرز کو کامیابیاں دلا چکے ہیں اور ہمیں امید تھی کہ وہ چھکے مار سکتے ہیں۔

فخر زمان کے مطابق ٹیم کا مومنٹم اچھا بن چکا ہے، جو خامیاں تھیں انہیں دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پہلے کھلاڑیوں کو کپتان کا نہیں پتہ تھا کہ وہ کیا چاہتے ہیں لیکن اب وہ سمجھ گئے ہیں، ایک یونٹ بن کر آگے بڑھ رہے ہیں۔بلے باز نے کہا کہ لاہور قلندرز جو میچز ہاری وہ یک طرفہ نہیں تھے، اب تو لاہور قلندرز وننگ ٹریک پر آگئی ہے، سامنے آنے والی ٹیموں کو مزید ٹف ٹائم دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں