لاہور(عکس آن لائن) ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے 23ویں گروپ کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے روایتی حریف کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، میچ میں بین ڈنک نے 40 گیندوں پر 99 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر لاہور قلندرز کو کامیابی دلادی، لاہور قلندرز نے بین ڈنک اور سہیل اختر کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت 188رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا توکراچی کنگز کے اوپنر شرجیل خان ایک بار پھرحریف باؤلرزپر اپنی دھاک بٹھانے میں ناکام رہے۔ وہ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے ایلکس ہیلز نے کریز سنبھال لی۔ 48 گیندوں پر 80 رنز بناکر ناقابل شکست رہنے والے ایلکس ہیلز نے دوسری وکٹ کیلئے بابراعظم اور پانچویں وکٹ کے لئے چیڈوک والٹن کے ہمراہ بالترتیب 60 اور93 رنز کی شراکت قائم کی۔بابراعظم38 اور چیڈوک والٹن 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس دوران کیمرون ڈیلپورٹ 15 اورافتخار احمد 1 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔کراچی کنگز نے مقررہ بیس اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کے معاذ خان نے دو اورسلمان ارشاد نے ایک وکٹ حاصل کی۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کا ٹاپ آرڈر ایک بار پھرمیزبان ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ فخر زمان صفر اور محمد حفیظ 16 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔8.2 اوورز میں 50 رنز پر ابتدائی 2وکٹیں گنوانے کے بعد کپتان سہیل اخترنے بین ڈنک کے ہمراہ جارحانہ انداز اپنانے کا فیصلہ کیا۔ بین ڈنک نے نوجوان اسپنر عمر خان کو 2 اوورز میں 4چھکے لگانے کے بعد تجربہ کار اسپنر عماد وسیم کو ایک اوور میں 3 چھکے اور چوکا جڑ کر میچ میں سنسنی پھیلا دی۔
دونوں کھلاڑیوں نے 65 گیندوں پر 140 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ بین ڈنک نے 40گیندوں پر 99 اور سہیل اختر نے 46 گیندوں پر 68 رنز کی دھواں دھار ناقابل شکست اننگز کھیلیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں یہ تیسری وکٹ کی سب سے بہترین پارٹنرشپ ہے۔میچ میں 12 چھکوں اور 3چوکوں کی مد د سے 99رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر بین ڈنک کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں یہ کسی بھی بلے باز کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی ہے۔