کراچی(کورٹ رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے لاہور جاکر شادی کرنے والی لڑکی کا ایم ایل او (میڈیکو لیگل)کرانے سے متعلق سیشن عدالت کا فیصلہ معطل کردیا۔ عدالت عالیہ نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ حکم تک طبی معائنہ نہ کرایا جائے۔ جسٹس صلاح الدین پہنور پر مشتمل سنگل بینچ کے روبرو کراچی سے لاہور جا کر پسند کی شادی کرنے سے متعلق مبینہ مغویہ کے ایم ایل او فیصلے اور ملزمان کی ضمانت درخواستوں کی سماعت ہوئی۔درخواستگزار ملزمان کے وکیل نے موقف دیا کہ ایم ایل او فیصلے پر حکم امتناعی جاری کیا جائے۔
جسٹس صلاح الدین پہنور نے ریمارکس دیئے کہ آپ میڈیکل کیوں نہیں کروانا چاہتے؟ ملزمان کے وکیل نے موقف دیا کہ مدعی وکیل نے 16, 17 اپریل کو زیادتی کا خدشہ ظاہر کیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ میڈیکل کروانے سے کیا لڑکی کے عزت پر حرف آئے گا؟ ملزمان کے وکیل نے موقف دیا کہ میڈیکل لڑکی کی اجازت سے مشروط ہوتا ہے۔ لڑکی کی عمر کا تعین بورڈ کرچکا۔ عدالت نے مدعی مقدمہ کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں لڑکی سے ریپ ہوا؟ مدعی کے وکیل نے موقف دیا کہ نہیں میرے فاضل دوست کیس کو نہیں سمجھ رہے۔
عدالت نے مبینہ مغویہ کے ایم ایل او فیصلے پر حکم امتناعی جاری کردیا اور سیشن عدالت کا فیصلہ معطل کردیا۔ جسٹس صلاح الدین پہنور نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ حکم تک ایم ایل او نہیں کروایا جائے۔ عدالت نے سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کردی۔