فیصل آباد(عکس آن لائن) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے خاص طور پر چھوٹے دوکاندار پریشان ہیں جن کیلئے ہر آنے والے دن کے ساتھ مالی بوجھ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ جن دوکانداروں کی دوکانیں کرایے کی ہیں اُن کے پاس کرایہ دینے اور بجلی کے بل دینے کیلئے بھی پیسے نہیں ہیں اس کے باوجودانہوں نے خدا ترسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ملازمین کو مارچ کے مہینے کی پوری تنخواہ ادا کر دی ہے مگر مکمل کاروباری بندش کی وجہ سے وہ اپریل کی تنخواہ ادا نہیں کر سکیں گے ۔
سوساں روڈاورنشاط آباد کے تاجروں کے ایک وفد سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کرونا وائرس کی وجہ سے مسلسل لاک ڈاؤن نے کاروباری اور تجارتی برادری کو شدید اذیت سے دوچار کر دیا ہے جبکہ اس کے نتیجہ سے ملک کی مجموعی معاشی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں ۔ برآمدی صنعتکاروں کی طرح تاجروں کو بھی مناسب احتیاطی تدابیر کے ساتھ دوکانیں کھولنے کی اجازت دے دی جائے تاکہ معاشی سرگرمیوں کو بلاتعطل شروع کیا جا سکے۔ اس موقع پر چوہدری امانت علی،محمدبلال، حسنین رضا، ساجد علی ، محمد سفیان اور محمد شاہد بھی موجود تھے۔