راولپنڈی(عکس آن لائن) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ لال حویلی کھل گئی ہے جس میں تبلیغی اجتماع میں شرکت کے بعد شفٹ ہو جاوں گا۔
بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ الحمداللہ میری کارڈک کی رپورٹ کافی حد تک تسلی بخش ہے اور اب میری سرجری نہیں ہو رہی، یہ سب آپ کی دعاوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لال حویلی کو جسٹس مرزا وقاص روف صاحب کے حکم پر کھول دیا گیا ہے جس کی تزئین و آرائش کے بعد 6 نومبر کو میں لال حویلی شفٹ ہو جاوں گا، آج رائیونڈ تبلیغی اجتماع میں شرکت کیلئے جا رہا ہوں اور 5 تاریخ کی دعا کے بعد 6 تاریخ کو ان شا اللہ لال حویلی میں موجود ہوں گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ میرا 80 فیصد سامان، ٹیلی فون اور پیسے واپس کر دیے گئے ہیں، امید ہے باقی 20 فیصد سامان بھی واپس کر دیا جائے گا، میری تمام مقدموں میں ضمانت ہے اور میرے چلے کے دوران اگر کوئی کیس بنایا گیا ہے تو وہ میرے علم میں نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اعتزاز احسن، سردار لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجہ اور خاص طور پر سردار عبدلرازق کا مشکور ہوں جنہوں نے 12 مقدمات میں میری ضمانت کروانے میں بغیر فیس کے کلیدی کردار ادا کیا، فردا فردا سب کا شکریہ ادا کرنے ان کے گھروں میں بھی جاوں گا۔
سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ آج کی اہم ترین بات سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کو معطل کرنے سے انکار کر دیا ہے جو کہ بڑی اہم بات ہے، کوشش کروں گا کہ لاہور میں میڈیا سے بات کر سکوں۔