اسلام آباد(نمائندہ عکس ) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ق لیگ نے اپنا فیصلہ کیا انہیں پتا لگ جائے گا سیاست کیا ہوتی ہے،عمران خان کے پاس چند دن ہیں ہم پرکرپشن کا کوئی نیا کیس بنانا چاہتے ہیں توبنا لیں،حکومت کی کرپشن کے کیسز سینکڑوں ارب کے اندر ہیں،ان کوحساب دینا ہوگا ، یکم سے 4اپریل تک ووٹنگ ہوگی اورحکومت سے نجات ملے گی، سرپرائزعمران کونہیں بزدارکوملا،وزیراعظم کودھمکی آمیز خط پارلیمنٹ میں لانا چاہئیے،جب سے تحریک عدم اعتماد کاپراسیس شروع ہوا ہے کہیں سے کوئی کال نہیں آئی۔منگل کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن) و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کہا جاتا تھا کہ عثمان بزدار پنجاب کا بہترین وزیراعلیٰ ہے،آج وزیراعظم نے چند ووٹ حاصل کرنے کےلئے وزیراعلیٰ کو قربان کردیا،جبکہ فارن فنڈنگ کیس میں سپیکر قومی اسمبلی کو بھی پھینک دیا،یہ سارے کام خود کرتے رہے اور اکاﺅنٹس بناتے رہے،اگر ن لیگ کے خلاف کیسز ہیں تو عوام کے سامنے رکھیں،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی کرپشن کا حساب ہوگالیکن عوام کے سامنے ہوگا،پاکستان تحریک انصاف کی کرپشن کے سینکڑوں کیسز ہیں جن میں اربوں کی کرپشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے فارن فنڈنگ کیس میں اپنے گیارہ اراکین کو بھی قربان کردیا،یکم اپریل سے چار اپریل کے درمیان ووٹنگ ہوگی،ہم اس ملک کے حالات کو بہتری کی جانب لے کر آئیں گے اور اس نااہل حکومت سے نجات ملے گی،عوام کے مینڈیٹ سے ایک نئی حکومت وجود میں آئے گی۔صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمیں کسی کے آنے جانے سے فرق نہیں پڑتا بلکہ آنے جانے والوں کا ہی نقصان ہوتا ہے،مسلم لیگ(ق) ایک جماعت ہے جسے ہم نے دعوت دی تھی اب اس نے اپنا فیصلہ کرلیا ہے،جب وہ عمران خان کا بوجھ اٹھا کر عوام کے سامنے جائیں گے تو انہیں پتہ چلے گا کہ سیاست کیا ہوتی ہے اور اقتدار کیا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد ملک کےلئے کیا جاتا ہے،سیاسی شہید وہ ہوتا ہے جو ملک کےلئے کام کرے اور اسے غیرآئینی طریقے سے نکالا جائے،2017ءمیں نوازشریف کے معاملے میں عدلیہ اور تاریخ دفاع کرسکتی تھی لیکن ان کی حکومت کو توڑا گیا،آئی ایم ایف کی رپورٹ میں ملک کے موجودہ حالات میں کا ملاحظہ کرلیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم اتنے گہرے گڑھے میں گرے ہیں صرف ملک کے حکمرانوں کی آنکھیں بند ہیں، ان کو سمجھ نہیں آرہی،وزیراعظم عمران خان نے چارسال میں ہر معاملے پر یوٹرن لیا ہے،وہ بلیک میل نہیں ہوتے، جھوٹ بولتے اور یوٹرن لیتے ہیں،آج ان کی نااہلی کی وجہ سے پنجاب کا ایک بہترین نامزد وزیراعلیٰ محروم ہوگیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی خودمختاری وہیں ختم ہوجاتی ہے جب آپ جلسوں میں خط لہرائیں،ہمیں بتادیں فلاں بندے فلاں ملک نے دھمکی دی توساراملک آپ کے ساتھ ہوتا،نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میں جا کر بتائیں کہ انہیں خط ملا ہے،اگر ایک ایٹمی طاقت کوکوئی دھمکی دے رہا ہے تو یہ معمولی بات نہیں ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک ایک نظام آئین کے مطابق نہیں ہوگا تو ملک ایسے ہی رہے گا،ابھی تک کسی کو کوئی ٹیلی فون کال نہیں آئی ،چوہدری پرویز الٰہی کو دی گئی آفر کا علم نہیں ہے،ہم مفاد اور کرسی کی جنگ نہیں لڑ رہے اس کے فیصلے متحدہ اپوزیشن کرتی ہے،ملک کے اگلے وزیراعظم شہباز شریف ہوں گے