لاہور(عکس آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم کی قیمتوں میں10روپے لیٹر اور بجلی کے فی یونٹ قیمت میں5روپے کمی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں میں کم از کم 30فیصد کمی لا کر انہیں منجمد کیا جائے تب جا کر عوام کو سُکھ کا سانس آ سکے گا ، سرکاری محکموں کے اخراجات میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے مختص کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کی مختلف مارکیٹوں کے عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل محبوب سرکی ، لاہور کے صدر میاں طارق فیروز، سینئر نائب صدر میاں سلیم ،جنرل سیکرٹری نعیم بادشآہ، چیئرمین انجمن تاجران لاہور حافظ عطا اللہ ، وائس چیئرمین ملک ناظم بھی موجود تھے۔
اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو بھی روکے کیونکہ اس سے ہر طبقے کیلئے بجلی کے بلوں کی ادائیگی مشکل ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینا چاہتی ہے توپیٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں کم از کم 30فیصد تک کمی لا کر اسے باقی مدت کے لئے منجمد کرے جس سے مہنگائی کی شرح نیچے آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جہاںاچھے اقدامات اٹھائے گئے اس کی تحسین بھی کریں گے ، مطالبہ ہے کہ بڑی صنعتوں کی طرح چھوٹے تاجروں کیلئے بھی پیکج لایا جائے اور انہیں بلا سود قرضے دئیے جائیں ، اس کے ثبوت موجود ہیں کہ چھوٹا تاجر پیسہ لے کر نہ صرف اسے کاروبار میں لگاتا ہے بلکہ اس کی سو فیصد واپسی کو بھی یقینی بناتا ہے ۔