لاہور(عکس آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹی ٹونٹی کپ میں شریک کھلاڑیوں کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کردیا،ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ جبکہ رنرزاپ ٹیم 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم وصول کرے گی ۔ اعلامیے کے مطابق ایونٹ کے بہترین بیٹسمین، بالر اور وکٹ کیپر کو 1،1 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی ۔
قومی ٹی ٹونٹی کپ کا بہترین کھلاڑی بھی ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم وصول کرے گا۔پلیئر آف دی فائنل کو 35 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ایونٹ کے دوران مین آف دی میچ کے لیے 25 ہزار روپے بطور انعام رکھا گیا ہے۔پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑی 40 ہزار روپے بطور میچ فیس وصول کریں گے ،نان پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑی 16 ہزار روپے بطور میچ فیس وصول کریں گے۔