کراچی( عکس آن لائن )پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں نہ صرف دانش کنیریا بلکہ کسی کے ساتھ بھی ایسا سلوک نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے اظہر علی نے شعیب اختر کے انکشافات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کبھی کسی کے ساتھ ایسا سلوک ہوتے ہوئے نہیں دیکھا، میں یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ دانش کنیریا کے ساتھ کبھی کسی نے امتیازی سلوک نہیں کیا ہوگا کیونکہ میں ایک، دو ٹور ان کے ساتھ کر چکا ہوں۔
اس مسئلے پر زیادہ گفتگو سے پرہیز کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ قومی ٹیم میں کسی کے ساتھ برا برتاو نہیں کیا جاتا، مجھے یقین ہے ماضی میں بھی ٹیم میں کسی کے ساتھ برا سلوک نہیں ہوا ہوگا۔مجھے پورا یقین ہے کہ کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ کسی وقت ایسا سلوک نہیں ہوا اور نہ ہی کسی کو ہلکا سا محسوس بھی ہوا ہو کہ کسی کیساتھ صحیح سلوک نہیں ہورہا۔ اظہر علی نے کہا کہ کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، سری لنکن ٹیم کامیاب دورہ کرچکی، امید ہے جلد اگلی سیریزکا کوئی مثبت حل نکل آئے گا، اظہر علی نے مزیدکہا کہ نیٹ میں پراعتماد انداز میں پریکٹس کرتا تھا لیکن بدقسمتی سے رنزنہیں کرپا رہا تھا،
سری لنکا کیخلاف سنچری سے اعتماد بحال ہو گیا، اب کارکردگی میں تسلسل کی کوشش ہے۔۔ واضح رہے کہ شعیب اختر نے دعوی کیا تھا کہ لیگ سپنر دانش کنیریا کو ہندو ہونے کی وجہ سے امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔شعیب اختر نے دعوی کیا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑی دانش کنیریا کے ساتھ بیٹھ کر کھانا پسند نہیں کرتے تھے کیونکہ ان کا تعلق ہندو خاندان سے تھا اور وہ ہندو تھے، جس پر دانش کنیریا نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بات بالکل درست ہے، میں ان لوگوں کے نام لے سکتا ہوں، جو میرے سے بیٹھ کر کھانا نہیں کھاتے تھے۔دوسری جانب سابق کپتان محمد یوسف بھی شعیب اختر کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے ان کے بیان کو فضول قراردے چکے ہیں