قومی اسمبلی

قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس کل ہوں گے، اپوزیشن کا مہنگائی پر سخت احتجاج کا امکان

اسلام آباد(عکس آن لائن ) قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس دو روزہ وقفے کے بعد پیر کو دوبارا ہوں گے ، جن میں اہم قانون سازی کے علاوہ مختلف امور پر بحث کی جائے گی ، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے مہنگائی پر سخت احتجاج کئے جانے کا امکان ہے ،سینیٹ میںمزدوروں کی کم سے کم اجرت 30ہزارروپے مقرر کرنے اور پنشن میں100فیصد اضافے کی قرار داد سمیت دیگر اہم قرار دادیں پیش کی جائیں گی، جبکہ سینیٹر جاوید عباسی کی جانب سے آئینی( ترمیمی )بل 2019 منظوری کے لیئے پیش کیا جائے گا ۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں سہ پیر 4بجے ہو گا ، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا ہے جس کے مطابق اجلاس میں وقفہ سوالات کے علاوہ اہم قانون سازی کی جائے گی جبکہ مختلف امور پر توجہ دلاﺅ نوٹس پیش کئے جائیں گے ، دوسری جانب سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی صدارت میں سہ پہر4بجے ہو گا ، جس کے لئے سینیٹ سیکرٹریٹ نے ایجنڈا جاری کر دیا ہے، اجلاس میں سینیٹرز کی جانب سے مختلف بل پیش کئے جائیں گے ، جبکہ سینیٹر جاوید عباسی کی جانب سے آئینی( ترمیمی) بل 2019 منظوری کے لیئے پیش کیا جائے گا ، اجلاس میں مختلف امور پر بحث کی تحاریک بھی پیش کی جائیں گی ،

سینیٹر سسی پلیجو پاکستان میں پولیو کیسز میں اضافے پر ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ پر بحث کرنے کی تحریک پیش کریں گی ، سینیٹر عثمان خان کاکڑ آغاز حقوق بلوچستان پیکج کے عملدرآمد پر بحث کرنے کی تحریک پیش کریں گے ، سینیٹر سراج الحق قرار داد پیش کریں گے کہ حکومت کو چاہئے مزدوروں کے لئے کم سے کم اجرت30ہزارروپے طے کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرے جبکہ پنشن میں100فیصد اضافہ کیا جائے

اپنا تبصرہ بھیجیں