قبائلی علاقہ جات

قبائلی علاقہ جات سابقہ فاٹااور بلوچستان کے لوگوں کے لئے خوشخبری

اسلام آباد (عکس آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے خیبر پختونخواہ میں ضم شدہ قبائلی علاقہ جات ) سابقہ فاٹا(اور بلوچستان بھر میں رہائش پذیر لوگوں کو تعلیمی نیٹ میں شامل کرنے کے لئے میٹرک کی مفت تعلیم کا منصوبہ متعارف کرا دیا ہے۔

اِن علاقوں میں حصول علم کے خواہشمند افراد میٹرک پروگرام میں مفت داخلہ حاصل کرسکتے ہیں سمسٹر بہار 2020ءکے میٹرک اور ایف اے پروگرامز کے داخلے 15۔جنوری سے شروع ہورہے ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے امید ظاہر کی ہے کہ اِن علاقوں کے لوگ یونیورسٹی کی اس سہولت سے بھرپوراستفادہ حاصل کرکے یونیورسٹی سے میٹرک کی مفت تعلیم حاصل کرنے کے لئے یونیورسٹی کے قریب ترین ریجنل آفس سے رابطہ کریں گے۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے متعلقہ ریجنل ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ یونیورسٹی کے اس پیغام کو قبائلی علاقہ جات او ر بلوچستان کے کونے کونے تک پہنچادیں تاکہ اِن علاقوں میں علم حاصل کرنے کا ایک بھی خواہشمند اس سہولت سے محروم نہ رہے۔

ڈاکٹر ضیاءالقیوم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو مساوی تعلیمی سہولیات فراہم کرنا غریب اورمستحق افراد کو تعلیمی نیٹ میں لانے کو اوپن یونیورسٹی اپنی قومی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ہر شہری کو تعلیمی نیٹ میں لانے کی بھر پور کوشش کررہے ہیںکیونکہ یہ ان کا آئینی حق ہے۔

ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے کہا کہ داخلہ فیس اور تعلیمی اخراجات ادا نہ کرسکنے والے کم آمدنی والے طلبہ کو تعلیمی نیٹ میں لانے کے لئے اوپن یونیورسٹی نے اُن کے لئے 9۔مختلف اسکیمیں شروع کر رکھی ہے۔ اِن اسکیموں سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے مستحق طلبہ کو یونیورسٹی کے قریب ترین ریجنل آفس سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں