اسلام آباد(عکس آن لائن) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری کیخلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر اعتراض عائد کرتے ہوئے واپس کردی اور قاسم سوری کیخلاف اپوزیشن سے وضاحت بھی طلب کر لی ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈپٹی اسپیکر کیخلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ایوان میں آنے سے پہلے ہی اس پر اعتراض عائد کردیا گیا۔
قومی اسمبلی سیکرٹیریٹ نے تحریک عدم اعتماد واپس کرتے ہوئے اعتراض کیا کہ اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد میں کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکرنے رولز کی خلاف ورزی کی، وضاحت کی جائے کہ ڈپٹی اسپیکرنے کون سے رولز کی خلاف ورزی کی ہے۔آئین کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر ساتویں دن ووٹنگ ہونا تھی اور اپوزیشن اگر وضاحت کیساتھ تحریک جمع کرائے گی تو رائے شماری کے لیے دوبارہ 7 دن درکار ہونگے۔