رملہ(عکس آن لائن)قابض اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے سے 22 فلسطینی گرفتار کر لیے ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بیت لحم میں الدھیشہ پناہ گزین کیمپ ، الخلیل میں الجافیہ قصبے اور قلقیلیہ میں کارروائیوں کے دوران نوجوانوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں پھوٹ پڑیں۔
الدھیشہ کیمپ میں قابض صہیونی فوجیوں نے مختلف گھروں پر دھاوا بولا اور لوٹ مار کی اور 2 شہریوں کو گرفتارکر لیا جن کی شناخت یوسف عزت اور یوسف صدوق کے ناموں سے ہوئی ۔ایک اور شہری جس کی شناخت اسید ابو لبدہ کے نام سے ہوئی کو قلقیلیہ میں اسکے گھر سے گرفتار کیا گیا۔
مشرقی بیت المقدس میں عبید خاندان سے تعلق رکھنے والے پانچ شہریوں کو حراست میں لیا گیا ۔اسرائیلی فوجیوں نے شہید راس العامود میں شہید فراس ابو ناب کے گھر پر ہلہ بولا اور اسکے باپ اور چار بھائیوں کو حراست میں لے لیا۔نو دوسرے فلسطینیوں کومغربی کنارے کے دوسرے علاقوں میں انکے گھروں سے گرفتارکیا گیا۔