اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیرمملکت علی محمد خان نے ایک بار پھر اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ قائد اعظم نے ملک سیاست کے ذریعے حاصل کیا تھا چوری کے ذریعے نہیں، نہ قائد اعظم نے پانامہ میں کمپنی بنائی نہ سرے محل بنایا نہ سوئس اکائونٹس بھرے۔ وزیر مملکت کے جواب پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجا ج کیا گیا ۔
منگل کو سینٹ میں وقفہ سوالات کے دور ان سینیٹر مشتاق احمد نے کہاکہ معیشت دن بدن بگڑ رہی ہے۔ جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہاکہ اس حکومت کے ساڑھے تین سالوں معیشت کی ترقی ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ جون 2021 میں مالی سال کے آخر میں 1.09 ارب ڈالر کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تھا۔ علی محمد خان نے کہاکہ معیشت تباہ نہیں ہوئی بلکہ صرف مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔علی محمد خان کے جواب پر سینیٹر مشتاق احمد نے احتجاج کیا ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اس وقت برآمدات ساڑھے تین ارب ڈالر ماہانہ کو ٹچ کررہی ہیں۔ اپوزیشن کی جانب سے علی محمد کی جانب سے (ن )لیگ پر تنقید پر احتجاج کیا گیا ۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ تجارتی خسارہ 37 ارب ڈالر سے 50 ارب ڈالر تک کیسے پہنچا۔ علی محمدخان نے کہاکہ کورونا کے دوران ویکسین، ادویات، سرجیکل آلات اور گاڑیوں کے سی کے ڈی کی درآمد زیادہ ہوئی۔ سینیٹر قرةالعین مری نے کہاکہ سیاست نہ کرنے کا مشورہ دینے والے کس کی آواز ہیں، ہم سیاست کرتے ہیں قائد اعظم نے سیاست کرکے ملک حاصل کیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں تجارتی خسارہ تو بڑھ رہا ہے کرپشن میں بھی 16 درجے اوپر آگئے ہیں۔۔ علی محمد خان نے کہاکہ قائد اعظم نے ملک سیاست کے ذریعے حاصل کیا تھا چوری کے ذریعے نہیں۔ وزیر مملکت نے کہاکہ نہ قائد اعظم نے پانامہ میں کمپنی بنائی نہ سرے محل بنایا نہ سوئس اکائونٹس بھرے۔
سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہاکہ درآمدات بڑھنے کی وجہ کیا پالتو جانوروں کیلئے کھانے کی اشیاء تو برآمد نہیں کی گئیں۔علی محمد خان نے کہاکہ گھوڑوں کے مربہ درآمد کرنے والے ہم نہیں ہیں ہمارے دور میں ایسا نہیں ہوتا۔ انہوںنے کہاکہ ہم مدینہ کی ریاست نہیں بناسکتے لیکن اس طرز کی ریاست بنا سکتے ہیں۔ اپوزیشن کے حوالے سے انہوںنے کہاکہ ان کو ابھی سمجھ نہیں آئیگی 2023 میں خود سمجھ جائیگی۔علی محمد خان نے کہاکہ ایوان کا ماحول بہت گرم لگ رہا ہے۔
چیئر مین نے کہاکہ آپ بھی مردان سے ابھی ابھی آئے ہیں گرم لگ رہے ہیں، میں جانتا ہوں آپ مردان کے چپل کباب کھا کر آئے ہیں۔ اجلاس کے دور ان سینیٹر کیشو بائی نے کہاکہ آپ تھرپارکر کی بات نہ کریں، آپ نے کبھی تھرپارکر دیکھا بھی ہے؟ ۔ وزیرمملکت نے کہا کہ میرا جانا نہ جانا معنی نہیں رکھتا وزیر اعظم پورا سندھ وزٹ کر چکے ہیں