اسلام آباد(نمائندہ عکس) وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان سیلاب کی وجہ سے مشکل حالات سے گزر رہا ہے، ان مشکل حالات میں آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرنا ممکن نہیں۔ وزارت منصوبہ بندی میں 2022 کے سیلاب کے تناظر میں پوسٹ ڈیزاسٹر ضروریات سے متعلق تخمینہ رپورٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ آئی ایم ایف سے درخواست کرتا ہوں کہ پاکستان کے لیے جو سخت شرائط رکھی گئی ہیں ان پر نظرثانی کرے، پاکستان سیلاب کی وجہ سے مشکل حالات سے گزر رہا ہے،
ان مشکل حالات میں آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرنا ممکن نہیں۔ انہوں ںے کہا کہ عالمی برادری کو اس ضمن میں پاکستان سے اظہار یکجہتی کرنا چاہیے، سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 30.1 ارب روپے نقصان کا تخمینہ ہے جس میں 15.2 ارب ڈالر کا معاشی نقصان شامل ہے جب کہ 14.9 ارب ڈالر کا نقصان اس کے سوا ہے۔ وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ عالمی اداروں کے مطابق پاکستان کو کم از کم 16.2 ارب ڈالر امداد کی ضرورت ہے، سیلاب سے حتمی نقصانات کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے، مغربی ترقیاتی اور جی 20 ممالک کو اپنی زمہ داری پوری کرنی چاہئیں۔