اسلام آباد (عکس آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر افتخار احمد نے کہا ہے کہ جب وہ فیملی کے ساتھ باہر جاتے ہیں اور کوئی مداح انہیں ‘چچا’ کہے تو عجیب لگتا ہے، عوام مجھے چاچو کہتی ہے تو فیملی بھی ہنستی ہے۔
افتخار احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 سے متعلق بھی گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ مڈل اوورز میں ہمارا اسکور کم ہوجاتا ہے اس پر مینجمنٹ نے پلان تیار کیا ہے، ہمیں مڈل اوورز میں اپنا سٹرائیک ریٹ بہتر بنانے کی ضرورت ہے، ہمارا اننگز کے آغاز اور اختتام پر سٹرائیک ریٹ اچھا ہوتا ہے۔
افتخار احمد نے کہا کہ ہمارا اس ورلڈکپ میں کسی ایک ٹیم پر فوکس نہیں ہے، ہمارے لیے کینیڈا بھی اتنی ہی مضبوط ہے جتنی بھارت ہے، ہمارے لیے سب سے اہم یہ ہے کہ ورلڈکپ جیت کر اپنے ملک لے کر آئیں۔انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس بار ورلڈکپ جیتنا ہے۔
افتخار احمد نے فینز کی جانب سے چچاکہنے سے متعلق سوال پر کہا کہ فینز کی طرف سے چچاکہنے پر برا نہیں لگتا لیکن فیملی کے ساتھ باہر جاؤں تو تب کوئی ‘چچا’کہے تو تھوڑا عجیب لگتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب عوام مجھے ‘چچا’ کہتی ہے تو فیملی بھی ہنستی ہے۔