کراچی (عکس آن لائن) تنازعات میں گھرے پاکستان شوبز انڈسٹری کے اداکار فیروز خان نے آسکر ایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے سے معافی کا مطالبہ کر دیا۔انسٹاگرام پر قانونی دستاویزات شیئر کرتے ہوئے انہوں نے سوشل میڈیا صارفین کو آگاہ کیا کہ انہوں نے شرمین عبید چنائے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کو بدنام کرنے اور بے بنیاد الزامات لگانے پر ان سے معافی مانگیں۔
فیروز خان نے دعویٰ کیا ہے کہ شرمین عبید چنائے نے ان کا موقف سنے بغیر صرف بے بنیاد الزامات پر ان کے خلاف نفرت آمیز مہم چلائی اور ایوارڈ واپس کیا۔اداکار نے ہفتے کے روز انسٹاگرام پر قانونی دستاویز کی ایک تصویر شیئر کی اور لکھا کہ شرمین عبید چنائے خود کو ایک تحقیقی صحافی کہتی ہیں جبکہ ان کا عمل دعوے کی نفی کرتا ہے۔فیروز خان کے مطابق شرمین عبید نے جھوٹے الزامات پر فوری ردعمل دیتے ہوئے میرے خلاف مہم چلائی اور انہوں نے ایک مرتبہ بھی میرا موقف سننے کے لئے مجھ سے رابطہ کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی۔