اسلام آباد(نمائندہ عکس)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز شریف عقل سے کام لیں، اگر فوری انتخابات کا مطالبہ نہ مانا تو پھر ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچے گا، ہفتہ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال سمیت اہم معاملات پر غور کیا جائے گا،
کور کمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ کی تیاریوں اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا جائے گا اس حوالے سے گزشتہ روز کے پی کی قیادت کو اجلاس میں آگاہ کردیا گیا تھا جب کہ کل پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے،فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت کو الیکشن کے حوالے سے آخری موقع فراہم کردیا ہے، شہباز شریف عقل سے کام لیں اگر فوری انتخابات کا مطالبہ نہ مانا گیا تو پھر ہمارے پاس کوئی راستہ باقی نہیں رہے گا۔