آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

فوج نے پاکستان کو دہشتگردی سے نجات دلانے کیلئے بڑی قربانیاں دیں،آرمی چیف

کاکول(نمائندہ عکس)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشتگردی سے نجات دلانے کیلئے فوج نے بڑی قربانیاں دی ہیں،نجی ٹی وی کے مطابق ملٹری اکیڈمی کاکول (پی ایم اے)میں 146ویں پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے پاس آﺅٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ اس عظیم فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں، اس ادارے سے پاس آﺅٹ ہونا بڑے فخر کی بات ہے، 146ویں لانگ کورس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ کامعائنہ کرنا باعث فخرہے،آرمی چیف نے کہا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمسائیوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے، ہمسایوں کے ساتھ تمام مسائل پرامن طور پر حل کرنے کے خواہاں ہیں،

آرمی چیف نے کہا کہ 42سال پہلے میں نے بھی اسی ادارے سے ٹریننگ حاصل کی تھی، تب میں نے یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں بھی اس عظیم فوج کو کمانڈ کروں گا، آگے کا سفر آپ کے لیے بہت سے چیلنجز لے کر آئے گا، آپ کو مستقبل میں مشکل اور بڑے فیصلے لینے ہوں گے،سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کسی بھی فیک نیوز اور پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں، ملک کی حفاظت مضبوط ہاتھوں میں ہے ، کسی ملک، گروپ یا تنظیم کو پاکستان کو سیاسی یا معاشی غیرمستحکم کرنے نہیں دیا جائے گا،قبل ازیں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول ایبٹ آباد میں 146ویں لانگ کورس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ کا اہتمام کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی،پاسنگ آﺅٹ پریڈنگ کے آغاز میں پریڈ ایڈجوٹینٹ میجر سعد امجد راجا براق پر سوار نظر آئے جنہوں نے تقریب کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو پریڈ کے معائنے کی دعوت دی،

اس موقع پر پی ایم اے کاکول کے کمانڈنٹ میجر جنرل عمر احمد بخاری بھی آرمی چیف کے ہمراہ موجود تھے،پاسنگ آﺅٹ پریڈ کے موقع پر اعلی سول اور فوجی حکام سمیت غیرملکی سفارت کاروں نے شرکت کی، پاس آﺅٹ ہونے والوں میں 24ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کیڈٹس شامل ہیں جبکہ 65ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کیڈٹس بھی اس پاسنگ آﺅٹ کا حصہ ہیں، پاس آٹ ہونے والوں میں 20 ویں لیڈی کورس اور پانچویں بیسک ملٹری ٹریننگ کورس کے کیڈٹس بھی شامل تھے،پی ایم اے کاکول کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ میں بہترین کارکردگی پر 146ویں پی ایم اے لانگ کورس کے کیڈٹس کو اعزازی شمشیر دی گئی، طلائی تمغہ 146ویں پی ایم اے لانگ کورس کے نمبر 2کیڈٹس کو دیا گیا،چیئرمین جوائنٹس چیف آف اسٹاف کمیٹی اوور سیز گولڈ میڈل دوست ممالک کے بہترین کیڈٹس کو دیا گیا، پاسنگ آﺅٹ پریڈ میں 4 خواتین سمیت 20غیر ملکی کیڈس شامل تھے، غیر ملکی کیڈس کا تعلق قطر، سری لنکا، نیپال عراق سے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں