اسلام آباد (عکس آن لائن) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن سمجھتی ہے کہ سسٹم لپیٹا جائے تو اس سے سب کے سب لپٹے جائیں گے اور حالات کسی کے بھی کنٹرول میں نہیں ہوں گے، فوج اورعدلیہ میں بداعتمادی سب سے بڑاچیلنج ہے،نواز شریف اور آصف زرداری کی سیاست ختم ہوچکی ہے لیکن پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا سیاسی کردار اہم ہے۔ الیکشن کمیشن اور احتساب کے معاملات پراتفاق رائے ضروری ہے، نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ اگر ملک میں سسٹم لپیٹا گیا تو سب ہی جائیں گے، احتساب کے ادارے اور الیکشن کمیشن پر انگلیاں نہیں اٹھنی چاہئیں۔
انہوں نے کا کہ رانا ثناءاللہ کے کیس میں کئی معاملات میں ہینڈلنگ بہتر ہو سکتی تھی لیکن نہیں ہوئی جبکہ نواز شریف کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف حالات درست ہونے تک واپس نہیں آئیں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ احتساب کے ادارے اور الیکشن کمیشن پر انگلیاں نہیں اٹھنی چائیں افتخار چوہدری کی بحالی کے بعد سے عدلیہ کے معاملے سیٹل نہیں ہورہے، چاروں عدالتوں کے سربراہان کو غور کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ 2020کا آغاز دو اداروں کے درمیان عدم اعتماد سے ہوا ہے اور حکومت کےلئے سب سے بڑا چیلنج ہے جبکہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بھی بد اعتمادی کا خاتمہ ضروری ہے، پاک فوج اور عدلیہ کے درمیان جسٹس افتخار چوہدری کی تحریک کے بعد سے ہی معاملہ حل نہیں ہو رہا ہے اور آئین کے اندر موجود پراسیس پر عمل نہیں ہو رہا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نیب قانون کو درست نہیں کہتی تھی اور تبدیلی بھی چاہتی تھی اب تبدیلی کر دی ہے تو خلاف ہو گئے ہیں جبکہ نئے احتساب قانون اور آرمی چیف کے معاملے پر سب کو اکٹھے بیٹھنا چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن کو مضبوط بنانے کے لئے سب کو ایک ساتھ بیٹھنا ہو گا، مسلح افواج سب لوگوں کا ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کو 2019کے آخر میں سیٹ بیلٹ لگا ہے جبکہ ملکی سیاست میں زرداری اور نواز شریف کی سیاست ختم ہو گئی ہے لیکن ان کی جماعتوں کی سیاست جاری رہے گی اور انہیں بھی ماضی کو چھوڑ کر مستقبل کےلئے سوچنا ہو گا۔ انہوں نے حریم شاہ کے سوال پر کہا کہ میڈیا اس حوالے سے مزے لیتا ہے اور لے رہا ہے۔