رانی مکھر جی

فلم ‘ہے رام’میں بغیر میک اپ کام کیا، رانی مکھر جی کا انکشاف

ممبئی (عکس آن لائن)بالی وڈ سمیت پاکستانی شوبز انڈسٹری میں بھی شاید ہی کوئی اداکارہ ہو جو بغیر میک اپ اسکرین پر آنا پسند کرے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ بالی وڈ پر ایک عرصے تک راج کرنے والی رانی مکھرجی نے ایک پوری فلم ہی بغیر میک اپ کے کی تھی؟۔رانی مکھرجی نے 2018 میں اپنے فلمی کیرئیر کا سب سے یادگار قصہ مداحوں کے گوش گزار کیا۔اداکارہ نے بتایا کہ 2000میں ریلیز ہونے والی فلم ‘ہے رام’ کی عکسبندی کے وقت جب میں سیٹ پر پہنچی تو فلم کے ڈائریکٹر کمال ہاسن جو کہ فلم میں اداکار بھی تھے، نے مجھ سے کہا جا اور منہ دھو کر آ۔رانی نے کہا ‘میں یہ سنتے ہی چونک گئی اور ایسا لگا جیسے میرے کانوں نے کچھ اور سنا ہے، میں نے سوال کیا آپ کیا کہہ رہے ہیں؟ جس پر کمال ہاسن نے کہا باتھ روم جائیں اور منہ دھو کر آئیں، اپنا میک اپ اتاریں’۔

انہوں نے کہا ‘میں گئی ہلکا سا منہ دھویا اور بالکل ہلکا سا ہی فیس پاڈر لگاکر آگئی، کمال ہاسن نے دیکھتے ہی کہا رانی جا ئواور صابن سے منہ دھو کر آئو، میں نے یہ سن کر 5مرتبہ ان سے پوچھا آپ واقعی ایسا چاہتے ہیں؟۔رانی مکھرجی نے بتایا کہ میں جب منہ دھو کر آئی اور کمال ہاسن نے دیکھا تو انہوں نے کہا ہاں مجھے ایسا کردار ہی چاہیے، فلم میں تمہارا کردار بغیر میک اپ کے ہوگا۔اداکارہ نے کہا اس وقت مجھے اندازہ ہوا کہ ہم بغیر میک اپ کے بھی سکرین کے سامنے آسکتے ہیں، بس آپ میں اتنا اعتماد ہو، ضروری نہیں کہ آپ کیمرے کے سامنے بہت سارا میک اپ کرکے آئیں، بات ساری لائٹنگ اور اینگلز کی ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں