لاہور( عکس آن لائن)ماضی کی معروف اداکارہ انجمن نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری میں ستاروں کے سائے میں پروان چڑھی ، میری پہلی فلم وحید مراد کے ساتھ تھی جو کامیابی سے ہمکنار ہوئی ۔ایک انٹر ویو میں انجمن نے کہا کہ جب میں فلم انڈسٹری میں آئی تو مجھے پنجابی نہیں آتی تھی ، میرا تعلق ملتان سے تھا اس لئے میری اردو میں بھی سرائیکی کی آمیزش نظر آتی تھی ۔
اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے اداکار ابراہیم نفیس نے میری بڑی مدد کی ۔انہوں نے کہا کہ آغاز میں ہی ہدایتکار شباب کرانوی نے اپنی چار فلموں کاکنٹریکٹ کیا جبکہ اسی دوران مجھے پنجابی فلموں کی بھی پیشکش ہونے لگی جس پر میں نے انہیں شباب کرانوی سے اجاز ت لینے کا کہا اور میری پہلی پنجابی فلم ’’چن وریام ‘‘تھی ۔
انہوں نے بتایا کہ جب میں اسٹوڈیو کے میک اپ روم میں گئی تو وہاں سلطان راہی، مصطفی قریشی، بہار بیگم، آسیہ بیگم اورممتاز بیگم جیسے لیجنڈ اداکار موجود تھے اور میں خوفزدہ ہو کر دوسرے کمرے میں چلی گئی ۔ شباب کرانوی اور محمد علی نے مجھے نصیحت کی تھی سینئرز کی عزت کریں مگر کیمرے کے سامنے کسی کا لحاظ نہ کریں ۔انجمن نے کہا کہ مجھے سلطان راہی کے ساتھ سب سے زیادہ پنجابی فلمیں کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔