لاہور(عکس آن لائن) معروف فوک گلوکارواداکارصفدرماہی نے کہا ہے کہ پاکستانی فلموں کی کامیابی کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی بہتری، بحالی اور بقا کے لئے بہترین اسکرپٹ وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔
صفدرماہی نے کہا کہ ہالی وڈ اور بالی وڈ فلموں کی چربہ کہانیاں، ڈائیلاگ اور فلم میکنگ کا انداز شائقین کو زیادہ دیر تک متاثر نہیں کر سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ اچھوتے موضوعات جب تک فلم کا حصہ نہیں بنیں گے، بہتری اور بحالی کا عمل شروع نہیں ہو سکے گا۔صفدرماہی نے کہا کہ دنیا بھر میں فلموں کی کامیابی میں سب سے اہم کردار اس کی کہانی کا ہوتا ہے۔
منفرد اور اچھوتے موضوعات پر مبنی کہانیوں کے لئے نوجوان رائٹرز کی خدمات حاصل کرنی ضروری ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک نیا فنکار جو عمدہ کام کرتے ہوئے سپراسٹار بنتا ہے، اس کے پیچھے بھی بہترین کہانی اور ڈائیلاگ کا کردار نمایاں رہتا ہے۔صفدرماہی نے کہا کہ بالی ووڈ ہماری نسبت بڑی انڈسٹری ہے اور وہ اپنی فلم کو باقاعدہ ایک منصوبہ بندی کے تحت دنیا بھر میں ریلیزکرتے ہیں اسی وجہ سے وہ ہزارکروڑ سے زیادہ کا بزنس حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔
اگر ہم بھی مشترکہ طور پر اس طرح کی حکمت عملی اپناتے ہوئے اپنی فلموں کو عالمی مارکیٹ میں ریلیز کریں تو اس کے بڑے دو رس نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔صفدرماہی نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ ہماری ڈرامہ انڈسٹری کی طرح فلم انڈسٹری بھی فروغ پائے۔