ہمایوں اختر خان

فضل الرحمان کااپنی اصلاح کر کے مارچ اور دھرنوں سے کنونشنز پرآنا اچھی بات ہے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(عکس آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خا ن نے کہا ہے کہ برطانیہ کے بعد امریکہ کی جانب سے پاکستان کےلئے ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی سے سیاحت اور غیرملکی سرمایہ کاری کے رجحان میںاضافہ ہوگا، مولانا فضل الرحمان نے اس بارنئے اتحادیوں کیساتھ مل کر احتجاجی کنونشنز کا اعلان کیا ہے لیکن اس کے نتائج بھی مارچ اور دھرنے کے احتجاج سے مختلف نہیں ہوں گے ،اقتدار سے باہرہوتے ہی مسلم لیگ(ن ) کی قیادت لندن اڑان بھر جاتی ہے،نواز شریف کو لندن میں علاج کیلئے قیام میں توسیع دینے کا فیصلہ ان کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد کیاجائے گا ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کےلئے آنے والے پارٹی کے مرکزی رہنماﺅں اور کسانوں کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوںاخترخان نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری پاک افواج سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی قربانیوںکا نتیجہ ہے اور اسے رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ۔ سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونے پر برطانیہ اور امریکہ کی جانب سے اپنے شہریوں کےلئے ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی ہماری معیشت کےلئے دورس نتائج کی حامل ہو گی ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپوزیشن کے منفی اور مایوسی پھیلانے والے پراپیگنڈے کو کچلتا ہوا آگے بڑھ رہاہے اور انشااللہ ہم اپنی منزل پر پہنچیں گے ۔ اپوزیشن کے منفی حربوں اور مزاحمت کے باوجودبھی احتساب کے عمل میں کسی لمحے تعطل نہیں آیا اور احتساب کے ادارے اپنا کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ مولانافضل الرحمان نے اپنی اصلاح کی ہے اور مارچ او ر دھرنوں سے کنونشنز پر آگئے ہیں جو اچھی علامت ہے ،امید کی جا سکتی ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور انکے ماضی کے اتحادی اپنی مزید اصلاح کرتے ہوئے کرپشن اور لوٹ مار سے بھی تائب ہو جائیں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں