قصور(عکس آن لائن )کاشتکارحالیہ سردی کی شدیدلہر کے پیش نظر فصلوں‘پھلدارپودوں اور سبزیوں کی بہتر پیداوار اور حفاظت کیلئے محکمہ زراعت کی ہدایات پر عمل کریں۔ترجمان محکمہ زراعت نے بتایا کہ نئے چھوٹے باغوں اور نرسریوں خصوصاً آم کے پودوں کو کورے کیوجہ سے جھلسنے کا خطرہ ہوتاہے اسلئے پودوں کوفوری طورپرڈھانپ دیں‘ ٹہنیوں اور سرکنڈے سے بھی پودوں کو جزوی طورپر ڈھانپا جاسکتاہے۔
انہوں نے کہا کہ مشاہدہ میں آیاہے کہ بعض اوقات کاشتکار کھاد والی پلاسٹک کی بوریوں سے پودوں کو ڈھانپ دیتے ہیں ایسی صورت میں بوریوں کا منہ نیچے سے کھلارکھیں اور دن کے وقت پودوں سے بوریااتاردیں جبکہ رات کو پودوں کو دوبارہ ڈھانپ دیں ‘فصلوں‘باغات اور سبزیوں کی ہلکی آبپاشی کریں اور پودوں کے تنوں کو بورڈ و پیسٹ لگائیں ‘چھوٹی نرسریوں اورسبزیوں کوپلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیں اور فصل کے شمال کی طرف سرکنڈہ لگادیں تاکہ فصل شمال کی طرف سے آنے والی ٹھنڈی ہوا سے محفوظ رہے۔