گوجرانوالہ(عکس آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی اور اْن کی اہلیہ سامعہ آرزو ایک بار پھر دلہن دولہا بن گئے۔تفصیلات کے مطابق حال ہی میں شادی کے بعد پہلی بار پاکستان آنے والی سامعہ نے حسن علی کے آبائی شہر گوجرانوالہ میں عروسی جوڑا زیب تن کیا اور دلہن کے روپ میں تصویریں اپلوڈ کیں۔
سسرالیوں کی جانب سے نوبیاہتا جوڑے کے اعزاز میں منعقد کی گئی فیملی تقریب میں حسن علی اور اْن کی اہلیہ نے دوبارہ عروسی جوڑا زیب تن کیا۔بھارت کے شہر ہریانہ سے تعلق رکھنے والی سامعہ آرزو پاکستان آنے پر بہت خوش ہیں جس کا اظہار وہ اپنے سوشل میڈیا پر تصویریں اور پیغامات شیئر کر کے کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ حسن علی اور اْن کی بھارتی اہلیہ سامعہ شادی کے بعد پہلی بار 30 نومبر نجی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے دبئی سے سیالکوٹ پہنچی تھیں۔سامعہ کا تعلق بھارتی ریاست ہریانہ سے ہے، انہوں نے انگلینڈ سے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے جبکہ وہ اپنے والدین کے ساتھ دبئی میں رہائش پذیر ہیں۔ دونوں رواں برس 20 اگست کو دبئی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔