وزیر خارجہ

غزہ کیلئے امدادی سامان کی دوسری کھیپ بھیج دی گئی

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے غزہ کے عوام کے لیے پاکستان سے امدادی سامان کی دوسری کھیپ لے جانے والی خصوصی پرواز کو منگل کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر ہونے والی تقریب میں اسلام آباد میں فلسطینی سفیر احمد جواد ربیع، وزارت خارجہ اور این ڈی ایم اے کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔

وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور اسرائیل کی جانب سے غزہ میں محصور خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ، غیر متناسب اور اندھا دھند استعمال کی مذمت کی۔

وزیر خارجہ نے اسرائیلی جارحیت کے فوری خاتمے اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے انصاف اور انسانیت کے اصولوں کو برقرار رکھنے اور غزہ کے لوگوں کو انسانی امداد کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنے پر زور دیا۔کھیپ میں حفظان صحت کی کٹس، ادویات اور فوڈ پیکجز شامل ہیں۔غزہ کے عوام کے لئے پاکستان سے امدادی سامان کی پہلی کھیپ 19 اکتوبر 2023 کو بھیجی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں