اسلام آ باد (عکس آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کے ساتھ اسرائیل کو دہشتگرد ملک قرار دیا جائے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے وقت قائداعظم کا اعلان تھا کہ ہم اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتے، صیہونی فورسز ہماری ماوں ، بہنوں ، بیٹیوں اور بچوں کو قتل کر رہی ہیں، فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کا ہر مسلمان کو شدید دکھ ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آج کا غزہ مارچ دنیا کو یہ بتانے کیلئے ہے کہ پورا پاکستان مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے، معصوم بچوں اور خواتین کا قتل عام تقاضا کرتا ہے کہ تمام اسلامی ممالک مل کر فلسطینی بہن بھائیوں کا ساتھ دیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہمارے مارچ میں، نوجوان، مائیں ، بہنیں اور بچے کثیر تعداد میں شریک ہیں، غزہ مارچ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم مظلوم فلسطینیوں کا درد محسوس کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا جان لے کہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام غزہ کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔