غزہ میں اسرائیلی جارحیت

غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے متجاوز

مقبوضہ غزہ(عکس آن لائن)غزہ میں 31 روز سے جاری اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید 252 فلسطینی شہید ہوئے، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہزار 22 ہوگئی ۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ شہید افراد میں 4104 بچے اور 2641 خواتین بھی شامل ہیں۔اس عرصے میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 25 ہزار 408 فلسطینی زخمی ہوئے۔وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری میں 192 طبی ورکرز شہید جبکہ 32 ایمبولینسیں تباہ ہوچکی ہیں۔ترجمان کے مطابق اسرائیلی بمباری کے باعث غزہ کے 16 اسپتال بند ہو چکے ہیں جبکہ بیکریوں کو نشانہ بنائے جانے سے خوراک کا بحران بڑھ گیا ہے

انٹر ایجنسی اسٹینڈنگ کمیٹی کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے پر 18 تنظیموں کے سربراہان نے دستخط کیے جس میں کہا گیا ہیکہ بہت ہوگیا اب اس جنگ کو ہر صورت رکنا چاہیے۔مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے عام شہریوں کا قتل سفاکیت ہے، اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 2.2 ملین فلسطینی محصور ہیں جہاں غذا، پانی، ادویات، بجلی اور ایندھن تک میسر نہیں جب کہ گھروں، پناہ گاہوں، عبادت گاہوں اور اسپتالوں پر بمباری کی جارہی ہے، جو ناقابل قبول ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں