اسلام آباد (عکس آن لائن ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپنے کارکنوں کو دھوکہ دینے والے کس منہ سے دوسروں پر دشنام طرازی کرتے ہیں،غریبوں کی ہمدردی میں مگرمچھ کے آنسو بہانے والوں کا بویا آج پوری قوم کاٹ رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا چار دن جیل میں نہ رہنے والوں کی چیخیں بند نہیں ہو رہیں،16 ماہ میں موجودہ حکومت نے قرضوں کی ادائیگی سمیت معاشی نظم و ضبط قائم کرنے کے لیے بروقت اور جرات مندانہ فیصلے کئے،مالیاتی اور انتظامی مشکل فیصلے قوم کو 71 سال کے مسائل سے نجات دلانے کے لیے کئے گئے ہیں، قوم کی ہمت اور حوصلے سے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہونے جارہاہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم عمران خان کو قوم کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے،عوام کو براہ راست ریلیف دینے کیلئے 7ارب کا یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے پیکیج دیا گیا،آنے والے دنوں میں عوام کی آسانی کیلئے مزید اقدامات ہوں گے۔