سردار مسعود خان

عید الفطر کا مبارک دن ہمیں محبت کی فراوانی ، اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے،سردار مسعود خان

مظفرآباد( عکس آن لائن)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ عید الفطر کا مبارک دن ہمیں محبت کی فراوانی ، اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اس دن کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی خوشیوں کو اپنی ذات تک محدود نہ رکھیں بلکہ اپنے ارد گرد نادار مستحق لوگوں کو بھی ان میں شامل کریں ۔

اس دن پوری ملت اسلامیہ کے لیے اور باالخصوص کشمیر کی آزادی ،ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے دعاکریں کہ اللہ رب العزت ہمارے ملک کو امن، ترقی وخوشحالی کی نعمت سے مالا مال فرمائے اور ہمیں کرونا کی وباء سے محفوظ رکھے۔عوام عید الفطر سادگی سے منائیں اور اپنے ارد گر د غریب اور متوسط طبقے کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک رکھیں۔

آزاد کشمیرمیں ہم نے آزاد فضا ء میں روزے رکھے ، عبادتیں کیں اور اللہ تعالی سے دعائیں مانگیں ، لیکن کنٹرول لائن کے اس پار مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بہن بھائیوں پر یہ مہینہ بہت بھاری گزرا اور ان پر ہر روز ایک نئی قیامت ٹوٹتی رہی ہے۔عید الفطر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر آزادجموں وکشمیر نے کہاکہ 5اگست2019کے بعد کشمیریوں کی قتل و غارت کا نیا سلسلہ شروع کیا گیا ہے

۔ ہندوستانی فوج نے ماہ مقد س کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے یہ مہینہ بھی ان کے لئے خونی مہینہ بنا دیا۔مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں سے یہ کہوں گا کہ آپ تنہا نہیں ہیں ۔ ہم آپ کے دکھ پوری طرح بانٹ نہیں سکتے ہیں ، لیکن ہم آپ کے ساتھ ہیں ۔ آپ کا درد ہمارا درد ہے آ پ کے زخم ہمارے زخم ہیں ۔

انشاء اللہ مجھے یقین ہے کہ مقبوضہ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا اور اہل جموں و کشمیر حق خودارادیت لے کر رہیں گے ۔ آج کے دن مقبوضہ کشمیر میں اپنے بہن بھائیوں کے لئے میرا یہ پیغا م ہے کہ ہم ہر قدم پر آپ کے ساتھ رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں