ڈرامہ سیریل ''نند

”عورت گردی” میں میرا ایک کردار ہے اور فنکار ہر طرح کا کردار کرتا ہے، جویریہ سعود

کراچی (عکس آن لائن)ڈرامہ سیریل ”نند” میں منفی کردار ادا کرنے کے بعد جویریہ سعود نے ویب سیریز ”عورت گردی” میں بھی منفی کردار ادا کیا ہے جس کی ریلیز سے قبل ہی انہیں شدید تنقید کا سامناہے۔ویب سیریز ”عورت گردی” 4 جون کو پاکستان کے پہلے او ٹی ٹی پلیٹ فارم”اردو فلکس” پر ریلیز ہوگی۔اس ویب سیریز میں اداکارہ جویریہ سعود اور علی خان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں اور دونوں کو ایک دوسرے کے حریف کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ویب سیریز ”عورت گردی” کی کہانی رابعہ بصری شیخ نے تحریر کی ہے، اس کی ہدایات ایان حسین نے دی ہیں جبکہ فرحان گوہر اس کے ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں۔”عورت گردی” کا پہلا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد سے ہی اسے شدید تنقید کا سامنا ہے جس کا سلوگن ہے”نہیں چلے گی مرد کی مرضی، اب چلے گی عورت گردی”۔

ویب سیریز کی ریلیز سے قبل اس میں اداکاری سے متعلق پاکستان کی معروف اداکارہ و ٹی وی شو میزبان جویریہ سعود نے کہا ہے کہ ”عورت گردی” میں میرا ایک کردار ہے اور فنکار ہر طرح کا کردار کرتا ہے۔انڈیپینڈنٹ اردو کو دیے گئے انٹرویو میں جویریہ سعود نے منفی کردار ادا کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں ہنستے ہوئے کہا کہ سیدھے سادے کام سے لوگوں کو بات سمجھ میں نہیں آ رہی اس لیے سوچا کہ عورت گردی شروع کرتے ہیں۔جویریہ سعود نے او ٹی ٹی پلیٹ فارم اردو فلکس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اردو فلکس والوں کو محسوس ہوا کہ میں ہی یہ عورت گردی کر سکتی ہوں اور اس میں جو عورت گردی مچائی ہے وہ آپ دیکھ سکتے ہیں۔سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ”عورت گردی” کے خلاف بڑے پیمانے پر تنقید سے متعلق جویریہ سعود نے کہا کہ ہم فنکار ہیں اور ہمیں تو ہر بات پر یہ نکتہ چینی سہنی پڑتی ہے۔جویریہ سعود نے کہا کہ ہر انسان کی اپنی ایک سوچ ہوتی ہے لیکن میرے لیے وہ لوگ کافی ہیں جو مجھے دعائیں دیتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں