لاہور (عکس آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قوم زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے، حکومتی ترجمانوں نے جگت بازی ،سیاسی تماشہ اور لکی ایرانی سرکس لگایا ہوا ہے،عوام کے گھروں میں قیامت آئی ہوئی ہے لیکن حکومتی ترجمانوں کو جگتیں سوجھ رہی ہیں،اگر ان کا یہ رویہ نہ ہوتا تو قوم اور ملک آج اس افراتفری اور انتشار میں نہ ہوتا،کورونا کا مقابلہ سوشل میڈیا پر جگت بازی سے نہیں ہوگا ۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا نوازشریف اور شہبازشریف کی صحت کی بنائی ہوئی سہولیات کو ہی آج بھی استعمال کیاجارہا ہے،شہبازشریف کا ڈینگی کے خلاف بنایا ہوا ڈیش بورڈ آج کورونا سے قوم کو بچانے کے لئے استعمال ہورہا ہے،نوازشریف اور شہبازشریف نے ملک اور قوم کے لئے کیا ہے پاکستان کی عوام اور ساری دنیا جانتی ہے ۔ انہوں نے کہا حکومتی ترجمان اور وزراءسیاسی نمبر سکورنگ سے کچھ عرصہ کے لئے پرہیز کریں تو بہتر ہوگا،اس نوعیت کے بیانات سے معاشرے میں انتشار بڑھے گا،
حالات اس کے متحمل نہیں ہوسکتے،حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ذاتیات، سیاسی انا سے اوپر اٹھتے ہوئے تدبر، عقل اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنا ہوگا ،قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے، اس طرح کی گفتگو کرکے قوم کو مزید مایوس نہ کریں۔