چیئرمین نیب

عوام کو لوٹنے والی ہا وسنگ سوسائٹیز اور بلڈرز نیب سے نہیں بچ سکتے،چیئرمین نیب

کراچی(عکس آن لائن ) چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ عوام کو لوٹنے والی ہا وسنگ سوسائٹیز یا بلڈرز نیب سے نہیں بچ سکتے، غریب عوام کو لوٹنے والے مافیا کے اختتام کا وقت قریب ہے، کسی کیلئے کوئی رعایت نہیں، غریب کی لوٹی دولت واپس کرنا ہوگی، احتساب سب کیلئے ہے،کسی کیلئے کوئی رعایت نہیں، ہم نے ڈھیل دی ہے مگر ڈیل نہیں کی،نیب کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، جو سمجھتے تھے انہیں کوئی کچھ نہیں کہے گا آج جیلوں میں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا کہ لوٹنے والے ہاوسنگ سوسائٹیز یا بلڈرز نیب سے نہیں بچ سکتے، لوگوں کی خواہشوں کو بیچنے والے سمجھتے ہیں کہ وہ بری الذمہ ہوگئے، جس مافیا نے لوگوں کو لوٹا اور برباد کیا ہم انہیں چھوڑ یں گے نہیں ، اس مافیا کا جلد خاتمہ ہونے والا ہے۔چیئرمین نیب نے کہا کہ ہم نے ڈھیل دی ہے مگر ڈیل نہیں کی، جو سمجھتے تھے انھیں کوئی کچھ نہیں کہے گا آج وہ گرفت میں ہیں، احتساب سب کیلئے ہے، کسی کیلئے کوئی رعایت نہیں اگر نیب کے راستے میں کوئی بھی رکاوٹ ہو تو اسے عبور کریں گے۔

جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا کہ آج تک کسی سینیٹر یا کسی وزیرسے سیاست پر بات نہیں کی، ہمارا سیاست سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں، میں یا ادارہ سیاست میں ملوث ہوا تو ہر قسم کی سزاکیلئے تیارہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں وہ وقت جلد آئے گا جب پاکستان میں کرپشن نہ ہونے کے برابر ہوگی، ماضی میں جن سے سوال کرنا مشکل تھا آج وہ قانون کی گرفت میں ہیں، جنہیں دیکھنابھی مشکل تھا آج وہ کیے کی سزا بھگت رہے ہیں.

چیئرمین نیب نے کہا کہ ادارے کا دفاع میرے فرائض میں شامل ہے، جب تک میں ہوں میں ادارے کا دفاع کروں گا، نیب کا سیاست سے تعلق نہیں ، احتساب سب کے لیے پریقین رکھتے ہیں، کرپٹ آفیسرز کی نیب میں کوئی جگہ نہیں البتہ دوسرے اداروں کی طرح نیب میں بھی بہتری کی گنجائش ہے، نیب افسران کی تنخواہیں بھی ماشااللہ اچھی ہیں، نیب میں کرپٹ افسر کی جگہ تھی نہ ہوگی اگر کسی افسر کیخلاف شواہد موجود ہیں تو میں ایکشن لوں گا، کوئی کرپٹ افسر سمجھتا ہے کہ میرے پیچھے ہمالیہ ہے تو وہ بھی نہیں بچے گا، مجھ سمیت نیب کے تمام افسران کو لوگوں کی خدمت کرنی ہے، وقت تھوڑا سخت ہے، احتساب کا عمل بڑا مشکل ہے مگر نیب کےلئے صرف دعا کریں ، نیب نے ہمیشہ سخت وقت کا مقابلہ کیا ہےاور کرتےرہیں گے۔

جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا کہ کفن میں جیب نہیں، دنیا سے جائیں گے تو خالی ہاتھ جائیں گے، سزا اورجزا کا وقت مقرر ہوتا ہے اللہ تعالی ظالم کو لمبی رس دیتا ہے مگر آخر پکڑ ہوجاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں