لاہور (عکس آن لائن)سپیکر ملک محمد احمد خان نے لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر منیر حسین بھٹی کی قیادت میں وکلاء کے وفد سے ملاقات کی۔
سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء کمیونٹی کا کردار انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ ملک میں جمہوری نظام کے استحکام اور آئین کی بالادستی کیلئے تمام بار ایسوسی ایشنز کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ بار ایسوسی ایشنز کو بھی عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے آگے بڑھ کر مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ وکلاء کمیونٹی انصاف کی فراہمی کیلئے بھر پور کردار ادا کرتی رہے گی۔ پنجاب حکومت وکلاء کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ لاہور بار ایسوسی ایشن کے وفد نے عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کیلئے حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی۔
وفد میں لاہور بار ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر ناصر اکبر بھٹی، نائب صدر رانا عمران سرور، نائب صدر (کینٹ کورٹس)وارث علی گجر، سیکرٹری جنرل رانا نعیم طاہر، سیکرٹری راؤ تحسین شریف، جوائنٹ سیکرٹری رانا عمر فاروق اور فنانس سیکرٹری زبیر گجر شامل تھے۔