لاہور(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ عوام آئندہ عام انتخابات میں کرپشن کا نظریہ رکھنے اور اسے فروغ دینے والوں کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیں گے ،عمران خان سماجی اور معاشی انصاف اورملک و قوم کی خوشحالی کا نظریہ لے کر آگے بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے مافیاز کی راتوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔ 26نومبر کو راولپنڈی روانگی کے حوالے سے کارکنوں سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ایک دور تھا جب (ن)لیگ اور پیپلزپارٹی کی نورا کشتی ہوتی تھی آج دونوں کرپشن بچانے کے لئے شیر و شکر ہیں، عوام ان کی چالوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور انہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن اس ملک کیلئے ناسور ہے جسے ہمیشہ کیلئے دفن کرنا ہوگا کیونکہ اس کے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا ۔اگر پاکستان کو خوشحالی کی جانب گامزن کرنا ہے تو سب سے پہلے ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی لانا ہو گی اور عمران خان اسی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔