اسلام آ باد (نمائندہ عکس) وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو قانون کے مطابق سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے عمران نیازی کی بنی گالہ واپسی کے حوالے سے پیغام میں کہا کہ عمران نیازی کواسلام آباد واپسی پرخوش آمدید کہتے ہیں، ان کو قانون کے مطابق سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی ملک میں ہنگامہ آرائی، فتنہ وفساد، افراتفری پھیلانے اوروفاق پرمسلح حملوں کے جرائم کے تحت درج دو درجن سے زائد مقدمات میں بطور ملزم نامزد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی ضمانت ختم ہونے پر قانون کے مطابق فراہم کی گئی یہی سکیورٹی عمران نیازی کو بڑی خوش اصلوبی سے گرفتار کرلے گی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک میں فساد فی العرض برپا کرنے والا وہ شخص جو اخلاقی اورجمہوری قدروں سے یکسرعاری ہو اوراپنے مخالفین کو کبھی غداراور یزید کہہ کر پکارتا ہوا، کس طرح ایک جمہوری معاشرے میں ایک سیاسی جماعت کا سربراہ ہوسکتا ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پوری قوم کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے۔