کراچی (عکس آن لائن)مقبول فنکار عمران عباس اور ناظرین کی فیورٹ اداکارہ حبا بخاری نمایاں نظر آئیں گی، مختصر فلم ‘چاہت’ کی زبردست ہدایت اور موسیقی سیمیں نوید نے دی ہیں۔فلم کی کہانی ایک شادی شدہ جوڑے کے گرد گھومتی ہے جن کے ہاتھو ں ان کی ایک سابقہ بہت عزیز شخصیت کی جان چلی جاتی ہے، فلم میں آگے دکھایا گیا ہے کہ بیوی اس کار کے حادثے کے لیے خود کو مسلسل الزام دیتی ہے جس میں اس شخص کی موت واقع ہوئی تھی جب کہ شوہر اس کو یقین دلانے کی کوشش کرتاہے کہ غلطی اس کی نہیں تھی۔فلم کا اختتام اتنا غیر متوقع ہے ناظرین سچی محبت کا کرشمہ دیکھ کر حیرت کے سمندر میں ڈوب جائیں گے۔
آنے والی فلم کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں فلم کی ایگزیکٹیو پروڈیوسر اور ڈائریکٹر سیمیں نوید نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اس کہانی میں دکھایا گیا ہے کہ محبت ہر چیز سے بالا تر ہے۔ ایک تصور نہیں، حقیقت ہے اور موت جیسی ناگزیر حقیقت بھی دو محبت کرنے والوں کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑے رکھتی ہے،یہ ایک دلوں کو چھو لینے والا پروجیکٹ ہے اور اس کی شاندار کاسٹ اور سی پرائم کی سخت محنت کرنے والی ٹیم نے بڑی جانفشانی سے کام کیا ہے۔فلم کی ایگزیکٹیو پروڈیوسر سیمیں نوید ہیں اور اس فلم کی کہانی کو بشارت ترمذی نے بڑی خوبصورتی سے تحریر کیا ہے جبکہ علی حسین اور محب بخاری اس کے معاون پروڈیوسرز ہیں۔