اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب آپکے اقتدار کا سفر دیمک ذدہ لاٹھیوں سے شروع ہوا جو مینڈیٹ کی مانند اندر سے کھوکھلی تھی ،ساڑھے تین سال آپ لوگوں کی رائے، لوگوں کے ضمیر کی آواز کو چوری کرکے امیر سلطنت کہلائے،کاش آپ بد ترین گناہ تہمت ، گالیوں اور الزام تراشی کی بجائے مخلوق خدا کی بنیادی ضروریات آٹا، چینی، گیس، دوائی، کھاد کے بارے سوچتے ۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا عمران صاحب بھلے آپ ووٹ چوری سے آئے تھے لیکن کاش اس قیمتی وقت کو تہمت،گالیوں، الزام تراشی اور آٹا چینی،گیس، دوائی، کھاد چوری میں برباد نہ کرتے۔ اپوزیشن سے سیاسی انتقام لینے، پارلیمان کو مفلوج اور میڈیا سمیت ہر تنقید کرنے والے کی زبان بندی کرنے کے بجائے ملکی ترقی اور خوشحالی کا سوچتا،اتنے بڑے اخلاقی معیار بنا کر آپ پاتال میں اتر گئے۔جھوٹ، انتشار، فساد، بدتمیزی بدتہذیبی، تاریخی کرپشن آپ کی شناخت رہے گی۔ کالی دولت، پچھتاوے، ندامت اور افسوس کے سوا آپ کے پاس کچھ نہیں۔
ذرا سوچئے گا کہ یہ منصب تھا کس لئے اور آپ نے اس استعمال کس لئے کیا۔ سوچئے گا،پروردگار کا قانون حرکت میں آکے رہتا ہے اور خودساختہ مذہب کا لبادہ اوڑھنے والوں کی کوئی عزت نہیں اور جھوٹ، انتشار، فساد، بدتمیزی، بد تہذیبی اور کرپشن کی مثالیں رقم کرنے والوں کو اسکا قہر لمحوں میں نشان عبرت بنا دیتا ہے۔