حسن مرتضیٰ

عمران خان کے بچھائے کانٹے اتحادی حکومت کو چننے پڑ رہے ہیں’حسن مرتضیٰ

لاہور(نمائندہ عکس)سینئر صوبائی وزیر سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ عمران خان کے بچھائے کانٹے اتحادی حکومت کو چننے پڑ رہے ہیں،تمام تر مالی مشکلات کے باوجود اتحادی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کی ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں اضافہ اتحادی حکومت کی عوام دوستی کا ثبوت ہے ،زرعی آلات سمیت بیج اور ٹریکٹر پر ٹیکسز ختم کرکے اتحادی حکومت نے کسانوں کے دل جیت لئے ہیں،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے 364 ارب اور نوجوانوں کے لیے بلا سود قرضہ سکیم احسن اقدامات ہیں۔انہوں نے کہا کہ شدید مالی مشکلات کے باوجود متوسط تنخواہ دار طبقے کو انکم ٹیکس میں رعایت دینا خوش آئند ہے ،سولر پینل کی خریداری کے لیے بینکوں سے آسان اقساط پر قرضے ملنے سے توانائی کے بحران میں کمی واقع ہوگی ۔

انہوںنے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ عوام کی مشکلات زیادہ ہیں اور اس کے ازالے کے لیے اتحادی حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی ،عوام کو مہنگائی کے خلاف کمر کسنے کا مشورہ دینے والا عمران خان ایک ارب کے وی وی آئی پی طیارے خریدتا رہا،عمران خان نے اپنے اے ٹی ایمز کو بھرا تھا مگر آج کی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں