لاہور (عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے 18مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کی تحریری یقین دہانی کرادی ہے۔فرخ حبیب نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 18مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کی شورٹی انڈرٹیکنگ لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر اشتیاق اے خان کے حوالے کر دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ شورٹی انڈر ٹیکنگ کوڈ آف کرمنل پروسیجر سیکشن 76کے تحت دی گئی، اس کے بعد پولیس کے پاس کارروائی کا کوئی جواز نہیں ہے۔فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت خون ریزی سے باز رہے، ہم پرامن ہیں، تصادم نہیں چاہتے۔
خیال رہے کہ خاتون جج کو دھمکانے اور توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر اسلام آباد کی دو عدالتوں نے عمران خان کے علیحدہ علیحدہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔عمران خان طلبی کے باوجود سکیورٹی خدشات پر عدالت پیش نہ ہوئے تاہم انہوں نے لاہور میں پی ٹی آئی ریلی کی قیادت کی۔توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر سیشن عدالت نے عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر کے 18 مارچ کو پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔