لاہور (عکس آن لائن) امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ حکومت ، اپوزیشن اور ادارے انا کی جنگ لڑ رہے ہیں،ملکی معاشی صورتحال دن بدن ابتر ہوتی جارہی ہے، معیشت کا پہیہ جام اور غریب کا چولھا بند ہوتا جارہا ہے، حاکم اور سرمایہ دار غریب کے حقوق پر ڈاکا ڈال رہے ہیں،حکمران واضح کریں کہ وہ کس قانون کے تحت غریب کے حقوق چھین کر اشرفیہ کو نواز رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے رکن مرکزی شوریٰ پیر سید سرور حسین شاہ سیفی کے ہمراہ آئے ہوئے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوتی جارہی ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں پچھلے ساڑھے چار سال سے اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ ایسی بدترین صورتحال میں عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ غریب کے حقوق کیلئے ہر حد تک جد وجہد کریں گے ۔وقت آگیا ہے کہ 75 سالوں سے ملک پرقابض حکمرانوں کے گریبانوں پر ہاتھ ڈال کر لوٹے ہوئے ملکی خزانے کا حساب لیا جائے۔
حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات عمران خان کے دور حکومت کا تسلسل ہیں،عمران خان کے ساتھ مکافات عمل ہورہا ہے،آئندہ الیکشن میں کسی کے ساتھ اتحاد نہیں ہوگا،اپوزیشن کا کام ہے کہ وہ حکومت کو ہلا جلا کر رکھے،عمران خان فرینڈ لی اپوزیشن کررہے ہیں،ایک سال سے ایک مطالبہ کیا کہ میں چوروں کے ساتھ نہیں بیٹھوں گا میں الیکشن کرواؤں گا بالا خرانہی چوروں کے ساتھ بیٹھ گئے، ابھی بھی الیکشن کا کوئی واضح اعلان نہیں ہوا،ہمیں ہمیشہ قانون کا درس دینے والے وہ جو کہتے تھے یہ قانون کو نہیں مانتے آج وہ پاکستان کے سب سے بڑے ادارے عدلیہ کو چیلنج کرکے بیٹھے ہوئے ہیں۔اس موقع پر امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت مزدور کی ماہانہ آمدنی میں فوری طور پر اضافہ کرکے کم از کم 50 ہزارروپے مقرر کرے۔