ہمایوں اختر خان

عمران خان کی قیادت میں پاکستان موجودہ حالات میں سے سر خرو ہو کر نکلے گا’ہمایوں اختر خان

اسلام آباد(عکس آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ کسی خطے میں جو تبدیلیاں دہائیوں میں رونما ہوتی ہیں ہمارے خطے میںوہ دنوںمیں سامنے آرہی ہے اس لئے ہمیں اپنی اپنی سیاست کی بجائے اتحاد و یگانگت کا ثبوت دینا ہے ،پاکستان کی قیادت ہرگز امریکی صدر کے ٹیلیفون کی منتظر نہیںہمیں دیگر اعلیٰ سطح کے رابطوں سے معلوم ہے واشنگٹن پاکستان سے کیا چاہتا ہے ،وزیر اعظم عمران خان وژن رکھنے والے اور جرات مند لیڈر ہیں وہ کسی مرحلے پر بھی قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال کی وجہ سے خطے پر دبائو ہے لیکن پاکستان کی حکومت اور ادارے اس پر انتہائی تدبر اور دور اندیشی سے فیصلے کر رہے ہیں ، موجودہ حالات میں سیاسی مفاہمت نا گزیر ہے اور حکومت نے ملک وقوم کی سلامتی کیلئے اس کیلئے پیشرفت کی ہے ،

حکومت،سیاسی جماعتوں اوراداروں کے درمیان خطے کی صورتحال پر گھنٹوں کی بیٹھک ہوئی ہے اور انشا اللہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا کیونکہ اس وقت سب کو پاکستان کا مفاد اور سلامتی مقدم ہے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ موجودہ وقت ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا نہیںبلکہ اتحاد و یگانگت کا متقاضی ہے اور قوی امید ہے کہ اس احساس ذمہ داری کو سمجھا جائے گا ۔ موجودہ حالات میں تنائو کا ماحول پیدا کرنے اور بلا جواز نقطہ چینی کرنے کی بجائے مثبت تجاویز سامنے لائی جانی چاہئیں۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ انشااللہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان موجودہ حالات میں سے سر خرو ہو کر نکلے گا اور ہم اپنے ملک و قوم کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں